افغانستان کا کنٹرول حاصل کرنے والے طالبان کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ یہ جنگجو طالبان تعلیم سے دور ہیں لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے طالبان جنگجو کی ویڈیو دیکھ کر سب دنگ رہ گئے ہیں۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک یوٹیوب چینل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں پروگرام کے میزبان کو مختلف چوکیوں اور سڑکوں پر موجود طالبان کا انٹرویو لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے سعید مسعود کوہستانی نامی طالبان جنگجو اپنے بارے میں اہم انکشافات کررہا ہے جسے سُن کر ناصرف سامعین بلکہ میزبان بھی حیران رہ گیا۔
طالبان جنگجو سعید مسعود کوہستانی نے بتایا کہ ’اُن کا تعلق افغانستان کے شہر کپیسا سے ہے اور اُنہوں نے کابل یونیورسٹی سے قانون اور سیاست میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔‘
سعید مسعود کوہستانی نے بتایا کہ ’وہ مختلف مضامین میں بھی تعلیم حاصل کرچکے ہیں جن میں بین الاقوامی تعلقات اور انگریزی سرِفہرست ہیں۔‘
اُنہوں نے بتایا کہ ’اُنہیں انگریزی زبان کے علاوہ پشتو اور عربی زبان پر بھی عبور حاصل ہے۔‘
طالبان جنگجو سعید مسعود کوہستانی نے یہ بھی بتایا کہ ’وہ ماضی میں انگریزی زبان کے استاد تھے اور وہ مستقبل میں بھی استاد کے فرائض سرانجام دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔‘
اس کے ساتھ ہی اُنہوں نے اپنے انٹرویو میں افغان باشندوں کو یہ پیغام بھی دیا کہ ’وہ افغانستان واپس لوٹ آئیں کیونکہ امن قائم ہے۔‘