• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر عارف علوی اور انکی اہلیہ تاریخی ترک ڈرامہ سیریل کورولش عثمان کے سیٹ پر پہنچ گئے

کراچی (جنگ نیوز) صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اپنی اہلیہ ثمینہ علوی کے ہمراہ دورہ ترکی کے دوران شہرۂ آفاق تاریخی ترک ڈرامہ سیریزعثمان غازی المعروف ’کورولش عثمان“ کے سیٹ پر پہنچ گئے۔

انھوں نے کاسٹ کے ساتھ ملاقات کی انکی خیریت دریافت کی اور تصاویر بنوائیں، صدرمملکت اور انکی اہلیہ کو روایتی ٹوپی پہنائی گئی۔صدر عارف علوی نے ڈرامے کے پروڈیوسر مہمت کے ساتھ مکے سے مکا ملایا۔ 

صدر کو ”کورولش عثمان“ کے سیٹ پر قائی قبیلے کے تاریخی پس منظر سے تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔صدر نے سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کا کردار ادا کرنے والے اداکار بورک اور دیگر اداکاروں سے بھی ملاقات کی۔ 

اس موقع پر صدر نے سوالات بھی کئے، صدر نے پوچھا کہ اس ڈرامے کی کتنی اقساط بنانے کا ارادہ ہے تو اداکار بورک نے ازراہ مذاق کہا کہ ایک ہزار! اس پر وہاں موجود تمام لوگوں نے قہقہ بلند کیا۔

صدر علوی نے اسلامی تاریخ پر مبنی اس ڈرامے میں کردار نبھانے والے تمام اداکاروں کے کام کو سراہا۔ صدرِ مملکت کی ڈرامہ کے سیٹ کے دورے کی تصاویر ٹوئٹر پر ترک سیریز کے پروڈیوسر مہمت بوزداغ کی جانب سے شیئر کی گئی ہیں۔

مہمت بوزداغ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ سیٹ کا دورہ کرنے پر میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کے اعتماد اور ڈرامے سے ان کی دلچسپی کیلئے بھی ان کا شکر گزار ہوں۔مہمت نے صدرِ مملکت کے ذریعے تمام پاکستانیوں کیلئے سلام پیش کیا۔صدرعارف علوی اور ان کی اہلیہ کی ڈرامے کے مرکزی کرداروں کے ہمراہ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی کورولش عثمان کے سیٹ کا دورہ کر چکے ہیں۔اسلامی فتوحات پر مبنی ترکش ڈرامہ سیریل عثمان غازی المعروف کورولش عثمان، سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان غازی کی زندگی کی حقیقی کہانی پر مبنی ڈرامہ ہے۔ 

واضح رہے کہ تاریخی ترک سیریل عثمان غازی اردو زبان میں ڈب کرکے ”جیو ٹی وی“ پر نشر کی جارہی ہے اور اس ترک سیریل کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔ یہ ڈرامہ ترکی کی کہانی ہے، پاکستان کی کہانی ہے اور ایک عام مسلمان کی کہانی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ تمام ترکوں ہی کو پاکستان سے گہری محبت ہے۔تاریخی ترک ڈرامہ سیریل کورولش عثمان سیزن ون کے بعد شائقین ان دنوں جیو ٹی وی پر نہایت دل جمعی کے ساتھ سیزن 2 کی اقساط دیکھ رہے ہیں۔ 

یہ ڈرامہ سیریل ترکی اور بیرون ملک مشہور ہے اور دنیا بھر میں لاکھوں شائقین نے دیکھا، یہ سب سے بڑا قابل تصدیق ڈرامہ ہے جو عثمان غازی کے وجود پر روشنی ڈالتا ہے، جو سلطنت عثمانیہ کے بانی بنے۔

تازہ ترین