پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے آج مجھ سے رابطہ کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے درخواست کی ہے کہ میں ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کروں۔
یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مجھ سے درخواست کی ہے کہ میں ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے دنیا میں پاکستان کا امن کا مؤقف پیش کروں۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی ذمے داری قبول کرنے پر فخر ہے، میں ان مشکل حالات میں پاکستان کی خدمت کے لیے پُرعزم ہوں۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری حالیہ پاک بھارت تنازع کے پیشِ نظر وفد کے ہمراہ یورپ کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اپنے دورے کے دوران عالمی برادری کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ کمیٹی میں سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر، حنا ربانی کھر، جلیل عباس جیلانی شامل ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کمیٹی وفد کی صورت میں مختلف ممالک کا دورہ کر کے پاکستان کا مؤقف پیش کرے گی۔