پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 27ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دے کر اگلے مرحلے کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم 238 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 214 رنز تک محدود رہی۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 49 گیندوں پر 94 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اس دوران 10 چوکے اور 4 چھکے لگائے، لیکن ٹیم فتح سے ہمکنار نہ ہوسکی۔
پشاور زلمی کی طرف سے صائم ایوب 47 اور ٹام کوہیلر 20 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، معاذ صداقت 19 اور حسین طلعت 12 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
کراچی کنگز کے عباس آفریدی نے 2، حسن علی اور میر حمزہ نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 238 رنز کا ہدف دیا، ڈیوڈ وارنر نے 86 اور جیمز ونس نے 72 رنز بنائے، دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 162 رنز کی شراکت قائم کی۔
جیمز ونس آؤٹ ہونے والے کراچی کنگز کے دوسرے کھلاڑی تھے، انہوں نے 42 گیندوں پر 11 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 72 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 86 رنز 50 گیندوں پر بنائے، انہوں نے 11 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔
کراچی کنگز کے خوشدل شاہ نے 15 گیندوں پر 43 اور محمد نبی نے 10 گیندوں پر 26 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 237 رنز اسکور کیے، پشاور زلمی کے لیوک ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 9 میچز کھیلے ہیں، جن میں سے 6 میں اسے فتح ملی اور 3 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا وہ ایونٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم تھی۔
آج کے میچ کیلئے پشاور زلمی کی ٹیم میں بابر اعظم، صائم ایوب، ٹوم کوہلر، حسین طلعت، کیڈمور، محمد حارث، میکس برائنٹ، معاذ صداقت، احمد دانیال، لیوک ووڈ، عارف یعقوب اور علی رضا شامل تھے۔
کراچی کنگز کی فائنل الیون میں سعد بیگ، ڈیوڈ وارنر، خوشدل شاہ، بین میک ڈرموٹ، عرفان خان نیازی، جیمز ونس، محمد نبی، عباس آفریدی، عامر جمال، حسن علی اور میر حمزہ شامل تھے۔