سابق افغان وزیر گل آغا شیرزئی نے افغان طالبان کی حمایت کا اعلان کردیا۔
گل آغا شیر زئی نے افغان طالبان کمانڈر خلیل حقانی، مفتی محمود ذاکری کو حمایت کی یقین دہانی کروادی۔
طالبان کمانڈر عبدالحمید حماسی کہتے ہیں کہ افغانستان میں فساد کی کوشش کرنے والے دیکھ لیں، صدارتی محل پر آج بھی افغانستان کا قومی پرچم لہرا رہا ہے۔
دوسری جانب شمالی افغانستان کے قومی مزاحمتی محاذ کے رہنما احمد مسعود کا کہنا ہے کہ طالبان نے پنجشیر وادی پر قبضے کی کوشش کی تو انہیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں احمد مسعود نے کہا تھا کہ پنجشیر طالبان کے حوالے نہیں کیا جائے گا، اگر طالبان نے قبضے کی کوشش کی تو مزاحمتی جنگجو لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
احمد مسعود نے کہا کہ ہم نے سویت یونین کا مقابلہ کیا اور طالبان کا مقابلہ کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، اگر طالبان مذاکرات سے انکار کرتے ہیں تو جنگ ناگزیر ہوگی۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان نے احمد مسعود کو پنجشیر وادی حوالے کرنے کے لیے چار گھنٹےکی مہلت دی ہے، افغانستان کے نائب صدر امر اللّٰہ صالح پنجشیر ہی میں موجود ہیں۔