بھارت میں آندھرا کے ایک خاندان نے ایک ہندو تہوار کے موقع پر شادی کے بعد پہلی بار داماد کی آمد پر استقبال کیلئے 1,374 کھانوں پر مشتمل ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔
جنوبی بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے مذکورہ بالا خاندان نے اپنے گاؤں میں اپنی نوبیاہتا بیٹی اور داماد کے اعزاز میں شاندار ضیافت کا اہتمام کیا، جس میں انواع و اقسام کی ڈشز رکھی گئیں۔
موسم بہار کی آمد کے قریب ہونے والے اس تہوار میں شادی کے بعد سسرال میں داماد کی پہلی آمد کے حوالے سے یہ تقریب منعقد ہوتی ہے، جو بہت سے تیلگو گھرانوں میں بابرکت موقع سمجھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اس موقع پر سسرال جانا عموماً محبت، رسومات اور پرتکلف کھانوں سے بھرپور ہوتا ہے، لیکن آندھرا پردیش کے کوناسیما ریجن کے ایک گاؤں میں اس قدیم روایت کو نہایت ہی شان و شوکت سے منایا گیا کہ سب ہی حیران رہ گئے۔
اس موقع پر گاؤں میں اس خاندان نے اپنے داماد کے شاندار استقبال کو ثقافت، محبت اور گوداوری پٹی کی مشہور مہمان نوازی کے عظیم جشن میں بدل دیا۔