پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی دونوں غیر آئینی ہیں، دونوں کو مسترد کرتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ای وی ایم الیکشن چوری کا منصوبہ اور میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی اُس دھوکے کو چھپانے کا بندوبست ہے، وزیراعظم کی الیکشن اصلاحات اور میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کالا قانون ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اب میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کالے قانون کو پاس کرانے کی تیاری ہے، میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی لانے سے آپ کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن نہیں چھپے گی۔
مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب سچ بولنے والوں کو آپ ختم نہیں کرسکتے اور نہ غلام بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کا حق چھیننے دیں گے اور نہ ہی اظہار کی آئینی آزادی سلب کرنے دیں گے، مغرب کی مثالیں دینے والا آئینی حقوق اور شہری آزادیوں کے معاملے میں بدترین آمر نکلا، یہ چاہتے ہیں کہ ان کی سرپرستی میں کرپشن جاری رہے اور کوئی نہ بولے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں آٹا، چینی، دوائی، گیس، بجلی کے نام پر قوم کو لوٹتے رہیں اور کوئی نہ بولے، چور کرپٹ اور جھوٹا ٹولہ چاہتا ہے کہ کشمیر فروشوں سے کوئی سوال نہ کرے، عمران خان مافیا پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی چاہتی ہے کہ اُن کو کوئی بے نقاب نہ کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ معیشت کوقتل کریں، بےروزگاری کا عذاب لائیں اور کوئی نہ بولے۔