وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ جو افغانستان میں ہوا اس سے بھارت کو تکلیف ہونا لازمی امر ہے، بھارت میں جو صفِ ماتم بچھی ہے ان کے چہروں پر شکست عیاں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چمن بارڈر پاکستان اور افغانستان کے لیے تجارتی راستہ ہے، ہم پر مہاجرین کا بوجھ نہیں، طور خم چمن کے راستے کھلے ہیں، 5 دنوں میں تجارت میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں انخلاء میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، کل تک افغانستان سے کابل ایئر پورٹ کے ذریعے 2 ہزار 538 افراد کو لایا گیا ہے، 11 سو افراد طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان واپس گئے ہیں۔
وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے حالات کو کچھ لوگ خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دشمن قوتیں بلوچستان کے حالات خراب کرنے کے درپے ہیں، بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث ہے، پاکستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کو دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان براہِ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں، افغانستان کا مسئلہ افغانوں کا مسئلہ ہے، بھارت کو منہ کی کھانا پڑی ہے، وہ تلوے چاٹ رہا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بھارت کی افغانستان میں تمام قونصلیٹ پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی تھیں، پاکستان کے خلاف بھارت کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے ذریعے دہشت گردی میں ملوث ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ بھارت سی پیک کے خلاف سازش میں ملوث ہے، دستانے پہنے ہوئے ایسے ہاتھ ہیں جو سی پیک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، دنیا کی کوئی طاقت سی پیک میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک پر کام کرنے والے تمام چینی باشندوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ذبیح اللّٰہ مجاہد اور سہیل شاہین کا انٹرویو سنا ہے، انہوں نے گارنٹی دی ہے کہ افغانستان کی سر زمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، وزیرِ اعظم عمران خان 10، 15 دنوں میں افغانستان کی صورتِ حال پر دنیا سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کو مفت مشورہ ہے کہ یہ ڈومیسٹک سیاست کا وقت نہیں، پی ڈی ایم کو سمجھنا چاہیئے کہ اگلے 6 ماہ عالمی سیاست کے لیے اہم ہیں پی ڈی ایم میں مولانا فضل الرحمٰن کو خطے کی سیاست کی سمجھ ہے، باقی انڈر 19 کی ٹیم ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کہاں متحد ہونے جا رہی ہے، وہ تو ٹائیں ٹائیں فش ہے، جلسے جلوس سے لوگ رائے نہیں بدلتے، اپوزیشن 10 سال پیچھے کی سوچ رکھتی ہے۔