سیالکوٹ (نمائندہ جنگ) ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی سیالکوٹ کے اجلاس میں اشیائے خورد نوش کی قیمتوں کا از سرنو جائزہ کیا گیا اور ان کی نئی قیمتوں کا تعین کیا گیاجس پر عمل کیلئے اسسٹنٹ کمشنروں کی نگرانی میں خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی دی گئیں اجلاس سے خطاب میں اے ڈی سی سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ کی حدود میں اشیاءخورد نوش کی مقررہ نرخوں پر صارفین کو فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنروں کی نگرانی میں خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خوروں ، ذخیرہ اندوزوں ، ملاوٹ کنندگان اور ناپ تول میں ہیرا پھیری کرنے والے دکانداروں کا محاسبہ کیا جائے گا اور ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرسیالکوٹ، ڈسکہ ،پسرور ، سمبڑیال ، ڈی او انڈسٹری ، ڈی ایف او سیالکوٹ ، ڈی او زراعت سیالکوٹ، ٹی ایم او سمبڑیال پسرور، ڈی او ہیلتھ سیالکوٹ کے علاوہ مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔