• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولینڈ، سفارتخانۂ پاکستان کے زیر اہتمام مینگو فیسٹیول کا انعقاد

پولینڈ میں موجود سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے مینگو فیسٹیول منایا گیا، اس حوالے سے ایک تقریب دارالحکومت وارسا میں سفیر پاکستان محمد فاروق ملک کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔

تقریب میں پولینڈ کے سفارتی اور سرکاری حکام، فروٹ امپورٹ کرنے والے تاجروں اور مختلف گروسری چین اسٹورز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر مہمانوں کی تواضع ایسی 10 سے زائد ڈشوں سے کی گئی جن میں سے ہر ایک میں آم لازمی استعمال کیا گیا تھا۔

آم سے بنی ہوئی جن ڈشوں کو بہت پسند کیا گیا ان میں مینگو سلاد بمعہ بلیو پنیر، مینگو اور جھینگا، مینگو چیزکیک ، مینگومسکارپون، مینگو لسی اور مینگو لیموناد خاص طور پر قابل ذکر تھے۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پولینڈ میں پاکستان کے سفیر ملک محمد فاروق نے تمام شرکاء کو بتایا کہ پاکستان کا آم دنیا کے مشہور پھلوں میں سے ایک اور خطے میں پھلوں کا باد شاہ کہلاتا ہے۔

انہوں نے آم کی مختلف اقسام خصوصی طور پر چونسہ کے بارے مہمانوں کو معلومات دی اور اسے ایک بہترین پھل قرار دیا۔

انہوں نے موقع پر موجود تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ سفارت خانہ پولینڈ میں پاکستانی آموں کو متعارف کرانے کی کوشش کر رہا ہے ۔

اس حوالے سے کسی بھی طرح کے رابطے کو خوش آمدید اور اس کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے گا۔

اس موقع پر پولش وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر برائے ایشیا پیسیفک نے بھی خطاب کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان موجود دوستانہ تعلقات کو سراہا ہے۔

تقریب کی مہمان شخصیت پولینڈ کی کوہ پیما اور اس سال کےٹو سر کرنے والی مس ماگدالینا نے بھی شرکاء کو اپنے دورہ پاکستان اور کوہ پیمائی مہم سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں پاکستان میں جتنی محبت اور احترام ملا اس کے بعد وہ پولینڈ میں اپنے آپ کو پاکستان کا سفیر خیال کرتی ہیں۔

آخر میں سفارتخانے میں تعینات ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر زاہد بھٹی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ پاکستانی آم کو پاکستان سے براہ راست پولینڈ لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

تازہ ترین