کراچی (اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے میڈیا کے سوال پر کہا کہ پنجاب میں تبدیلی کے معاملے پر شریف خاندان میں اختلاف کی بات مفروضے پر مبنی ہے، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کی بے مثال خدمت کی، معیشت کو سنواراتاریخی ترقیاتی منصوبے لگائے، ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا۔
دہشت گردی کا خاتمہ اور کراچی سے بوری بند لاشوں، بھتے اور پرچی کا خاتمہ کرکے ملک کی معاشی شہ رگ کو امن کا تحفہ دیا، ہم نے اربوں ڈالرز کے منصوبے لگائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں کراچی میں میڈیا سے گفتگو اور رکن قومی اسمبلی کی رہائش گاہ پر منعقدہ عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
میڈیاسے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے پنجاب میں تبدیلی کے لیے آپ اور حمزہ راضی ہیں، مریم اور نواز نہیں۔ اس پر شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں تبدیلی کے معاملے پر شریف خاندان میں اختلاف کی بات مفروضے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم کا کارواں آگے بڑھتا رہے گا۔
علاوہ ازیں رکن قومی اسمبلی اسد قیصر کی رہائش گاہ پر منعقدہ عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے ملک وقوم کو درپیش مسائل سے نکلنے کے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کی بے مثال خدمت کی، معیشت کو سنوارا، تاریخی ترقیاتی منصوبے لگائے، ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا۔
شہباز شریف نے کہاکہ کراچی کی کارروباری شخصیات سے آج ملاقات کرکے بے حد خوش ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج خود احتسابی کی ضرورت ہے کہ پاکستان کیوں ہمسایہ ممالک سے بھی پیچھا رہ گیا، جنہیں بوجھ سمجھ کر الگ کیاگیا، ان کی برآمدات 40 ارب ڈالر سے اوپر ہیں اور ہم 25 ارب ڈالر کے اردگرد گھوم رہے ہیں۔