• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گٹکا و دیگر اشیاء کی اسمگلنگ روکنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی ہدایت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی صدارت میں اینٹی اسمگلنگ ٹاسک فورس کا اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری نے تمام فورسز انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور اسمگل اشیاء کی آگاہی کے لئے میڈیا اور سوشل میڈیا پر مہم چلائی جائے۔اجلاس میں کسٹم حکام نے 15 اسمگل اشیاء کی نشاندہی کی اور بتایا کہ گٹکا، چھالیہ، ٹائر، سگریٹ، الیکٹرک آلات، گاڑیوں کے پرزے اور کاسمیٹک سمیت دیگر اشیاء ایران، انڈیا اور افغانستان سے اسمگل ہو کر آتی ہیں اور مختلف شہروں میں فروخت ہوتی ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 2020-21 میں پولیس، رینجرز اور کسٹم نے صوبے میں 1279 آپریشن کئے اور 8314ملین روپے مالیت کا سامان ضبط کیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ میں 451 غیر قانونی پیٹرول پمپ سیل کر کے 205 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں ۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز، چیف کلیکٹر کسٹمز سائوتھ عبدالقادر میمن، پولیس، ایف آئی اے، نیوی، اے این ایف اور کوسٹ گارڈ کے نمائندوں سمیت سیکریٹری لائیو اسٹاک و فشریز شریک ہوئے۔

تازہ ترین