• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش سے کراچی کی زندگی مفلوج، نکاسی آب کے ناقص انتظامات، اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام

کراچی (اسٹاف رپورٹر،خبرایجنسی)بارش کی پیشگوئی کے باوجود نکاسی آب کےناقص انتظامات، اہم شاہراہوں پربدترین ٹریفک جام،دفاتر اور کاروبارسے گھر آنیوالوں کو شدید پریشانی،شارع فیصل پر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

3افراد زخمی، کلفٹن شاہ رسول کالونی میں بجلی کےکھمبے سے کرنٹ لگنے سے 4سالہ بچی تانیہ دختراسلم جاں بحق ہو گئی، کئی علاقوں میں کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام بھی جواب دے گیا،خراب موسم کے باعث کئی پروازیں بھی تاخیر کا شکار رہیں۔

جمعے کوشہر میں ہونے والی بارش کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا جبکہ دفاتر اور کاروبارسےواپس گھر آنے والےافراد کو ٹریفک جام کےباعث شدید پریشانی کاسامنا کرنا پڑا،غیر معمولی رش کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

شارع فیصل پر4گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے باعث 3افراد زخمی ہوگئے اورگاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ،ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام کی آگاہی کے لیے سوشل میڈیا پر پیغامات بھی چلائے گئے اور بتایا گیا کہ شہر کی بیشتر شاہراہوں پر پانی جمع ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔

جمعےکو بارش شروع ہوتے ہی اہم شاہراہوں ، شارع فیصل ، یونیورسٹی روڈ، شاہراہ پاکستان، نارتھ کراچی، لیاقت آباد،ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر،پیپلز سیکریٹریٹ روڈ سمیت دیگر مقامات پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ، سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث رات گئے تک ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔ 

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بحال کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ادھرکے الیکٹرک کا ترسیلی نظام ایک بار پھر جواب دے گیا ، شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی کچھ علاقوں میں چند گھنٹوں بعد بحال ہو ئی لیکن کئی علاقوں میں رات تک آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا، بجلی کی فراہمی بند ہونے سے لو گوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔

بارش شروع ہوتے ہی ملیر ،کورنگی، لانڈھی ،قائدآباد ،بن قاسم ،ملیر کے گوٹھوں،اسکیم 33،گلستان جوہر،گلشن اقبال،فیڈرل بی ایریا،ناظم آباد،سرجانی ٹائون،سوسائیٹیز،اورنگی ٹائون سمیت متعدد علاقوں کو بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی، بجلی نہ ہونے سے لوگ پریشان رہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر قائد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے باوجود شہر کے بیشتر حصے میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہی۔

کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کے دوران بجلی کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنایا،کے الیکٹرک کی ٹیم موسم کے شدت اختیار کرتے ہی مکمل طور پر متحرک رہیں ،کے الیکٹرک کے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک پر موجود 1900 فیڈرز میں سے زیادہ تر کام کرتے رہے اور شہر کو محفوظ طریقے سے بجلی کی فراہمی یقینی بناتے رہے۔

چند فیڈرز ٹرپ کرجانے کے سبب کچھ علاقوں کو بجلی کی عارضی بندش کا سامنا کرنا پڑا جسکو کے الیکٹرک کی ٹیموں نے بروقت ٹھیک کیا ۔

علاوہ ازیں شہر قائد میں خراب موسم کے باعث پی آئی اے سمیت مختلف ایئرلائنز کی پروازیں تاخیر کا شکار ہے ، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم کی درستی کے بعد فلائٹ آپریشن مکمل بحال ہوگا۔

اندرون اوربیرون ممالک جانے والی پروازیں 2 سے4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔

علاوہ ازیں ٹنڈومحمدخان سمیت اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے بعد موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

تازہ ترین