• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ میں علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ،بھارت کا ورثا سے میت چھین کر دفن کرنا قابل مذمت ہے، شرکاء

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) تحریک کشمیر اسکاٹ لینڈ کے زیراہتمام اسکاٹ لینڈ کے مختلف شہروں گلاسگو، ایڈنبرا، ڈنڈی، ایبرڈین اور دیگر کئی مقامات پر حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر نہایت غم و غصے کا اظہار کیا کہ بھارت نے انسانی حقوق اور اقدار کے تمام اصولوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے سید علی گیلانی کی میت کو بھی ورثا سے چھین لیا اور رات کی تاریکی میں انہیں حیدرپورہ کے قبرستان میں سپردخاک کردیا۔ تحریک کشمیرا سکاٹ لینڈ کے صدر حنیف راجہ نے سید علی شاہ گیلانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی تمام زندگی ظلم اور جبر کے خلاف لڑتے ہوئے گزاری، وہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کی ایک توانا آواز تھے، ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان کی تکمیل نامکمل ہے، کشمیر پاکستان کا قدرتی حصہ ہے، حنیف راجہ نے پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ سید علی گیلانی کی یاد میں دونوں مقامات پر یادگاریں قائم کریں۔ تحریک کشمیر کے جنرل سیکرٹری سید طفیل حسین شاہ نے کہا کہ سید علی گیلانی نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے ایک طویل عرصہ جیلوں میں گزارا، لیکن ان کے پائے استقامت میں قطعاً کوئی لرزش نہ آئی، کشمیری رہنما حافظ حبیب الرحمان نے کہا کہ بھارتی حکومت نے سید علی گیلانی کی میت کے دفن ہونے کے سلسلہ میں بدترین کردار کا مظاہرہ کیا جس کی پوری دنیا کو مذمت کرنی چاہئے، یہ ایک انسانیت سے گری ہوئی حرکت تھی۔ سیاسی و سماجی رہنما فخراقبال نے کہا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ آج مقبوضہ کشمیر کے ہر بچے کی زبان پر ہے۔ علی گیلانی اپنے پیچھے لاکھوں علی گیلانی چھوڑ کر فوت ہوئے ہیں، ان کی موت شہادت کا درجہ ہے، انشاء اللہ علی گیلانی کی قربانیاں ایک دن رنگ لائیں گی اور کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔

تازہ ترین