• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی کی 14کروڑ روپے سے زیادہ کی ریکوری

راولپنڈی (وسیم اختر، سٹاف رپورٹر) محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی ریجن نے رواں سال اب تک 14کروڑ روپے سے زیادہ کی ریکوری کی۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن نعیم اللہ بھٹی نے بتایا کہ یکم جنوری سے 31اگست تک محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی ریجن 14 کروڑ روپے 18لاکھ 64ہزار 285روپے کی ریکوری کرکے صوبائی حکومت کے خزانہ میں جمع کرا چکا ہے۔ اس برآمدگی میں ساڑھے سات کروڑ روپے مالیت کی سرکاری اراضی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریکوری ہمارے محکمہ کے سالانہ بجٹ سے تین گنا سے بھی زیادہ ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ کرپٹ اور بدعنوان صوبائی ملازمین کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور رواں برس اب تک مجسٹریٹس کی زیر نگرانی ریڈز کرکے 15صوبائی ملازمین کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے جن سے رشوت میں لئے گئے مجموعی طور پر 2لاکھ 18ہزارروپے برآمد کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یکم جنوری سے 31اگست تک مجموعی طور پر راولپنڈی ریجن نے 119ملزموں کو گرفتار کیا ان میں گزشتہ مقدمات میں عدالتوں سے اشتہاری قرار دیئے گئے 21ملزمان بھی شامل ہیں۔ گرفتار کئے گئے ملزموں میں مختلف صوبائی محکموں کے افسران و اہل کاران کے علاوہ ان کے شریک کار پرائیویٹ افراد بھی شامل ہیں۔
تازہ ترین