اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) جبری برطرف کئے گئے ملازمین نے چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ تحفظ ملازمین ایکٹ فوری بحال کر کے تمام برطرف ملازمین کو نوکریوں پر بحال کیا جائے۔ جبری برطرفی میں ایسے ادارے بھی آ گئے ہیں جن کے ملازمین سرے سے پٹیشنرز ہی نہیں تھے۔ ایکٹ اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے حکومت اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار 72 سے زائد اداروں سے برطرف ملازمین نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر زاہد مغل‘ سبطین رضا لودھی‘ رانا زاہد علی‘ اظہر اسحاق‘ مسز راحیلہ اصغر‘ ملک سلیم اور راجہ تصدق خیام نے کہا کہ مقدمہ کچھ ملازمین کے مابین سنیارٹی ایشو تھا مگر ملازمین کے ایکٹ کو کالعدم قرار دیدیا گیا۔ انہوں نے اپیل کی کہ چیف جسٹس لارجر بینچ تشکیل دیکر انصاف کے تقاضے پورے کریں۔ اس موقع پر شکیل انجم نے بھی ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔