• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

عالمی سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ کیلئے تیاریوں کا آغاز

عالمی سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ کی تیاریوں کےحوالے سے پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن ملک بھر میں مختلف ایونٹس کا آغاز کررہی ہے۔ اس سلسلے میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے اور سندھ سیپک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کھیلے جانے والی چیمپئن شپ میں سندھ گرین نےعمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔ کراچی میں ہونے والی چیمپئن شپ میں سندھ گرین نے سندھ وائٹس کو دلچسپ مقابلے کے بعد 21-18اور 21-17 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

چیمپئن شپ کے مہمان خصوصی سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق اور سیکرٹری احمد علی راجپوت تھے جبکہ افضل قریشی مہمان اعزازی تھے۔اس موقع پر چیئرمین سندھ سیپک ٹاکرا ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد عارف حفیظ نےکہا کہ کرونا وباء نے دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو متاثر کیا ، دنیا بھر میں انٹرنیشنل اور نیشنل سطح پر ایونٹس نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں میں مایوسی پائی جاتی ہے لیکن اب اس ٹورنامنٹ کے بعد امید ہے کہ یہ سلسلہ پھر سے شروع ہوجائے گا اور کھیل کے میدان دوبارہ آباد ہوجائیں گے۔

رکن سلیکشن کمیٹی عارف وحید خان نےکہا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے کھیلوں کے انعقاد میں بہت سی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ تھائی لینڈ میں ہونے والی عالمی سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ کا انعقاد 2019 ء سے نہیں ہوسکا ہےجس کی وجہ سے پاکستان بھر کے کھلاڑی اس چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہیں، ہماری ٹیم بھی اس ایونٹ کا حصہ بننے کیلئے بھرپور تیاری کررہی ہے۔ 

احمد علی راجپوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن ہر ممکن تعاون سندھ سیپک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے ساتھ جاری رکھے گی، اس موقع پر محفوظ الحق ، افضل قریشی نے بھی خطاب کیا۔

انٹر نیشنل سیپک ٹاکرا فیڈریشن کی کوششوں سے سیپک ٹاکرا کو ایشین انڈور مارشل آرٹس گیمز میں شامل کرلیا گیا ہے اور اس کے مقابلے رواں سال تھائی لینڈ میں ہونے تھے لیکن کووڈ کے باعث اسے ملتوی کرنا پڑا، امکانات ہیں کہ پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے ساتھ ساتھ سیپک ٹاکرا میں حصہ لینے والے تمام ممالک کی فیڈریشنز ان سے گیمز میں حصہ لیں سکیں گی۔

تازہ ترین
تازہ ترین