رمضان المبارک میں افطاری کا دسترخوان طرح طرح کے لذیذ پکوانوں سے سجا ہوتا ہے، دن بھر کے روزے کے بعد ہر شخص ایسی ڈش پسند کرتا ہے جو ناصرف ذائقے میں منفرد ہو بلکہ توانائی سے بھرپور بھی ہو۔
بیف پنیر بریانی ایک شاندار اور ذائقے دار پکوان ہے جو گوشت اور پنیر کے حسین امتزاج سے تیار کی جاتی ہے، اس کی خوشبو دار تہیں، مصالحوں کی مہک اور ہلکی سی زعفران کی خوشبو افطار کے موقع پر بھوک کو دوبالا کر دیتی ہے۔
یہ ڈش خاص طور پر اُن گھرانوں کے لیے بہترین انتخاب ہے جو روایتی بریانی میں کچھ نیا اور منفرد ذائقہ شامل کرنا چاہتے ہیں، نرم و ملائم بیف کے ٹکڑے، خستہ فرائی کیا ہوا پنیر اور خوشبودار چاول مل کر ایک ایسی لذت پیدا کرتے ہیں جو افطار کے دسترخوان کو خاص بنا دیتی ہے۔
کاٹیج پنیر 250 گرام، میدہ 4 کھانے کے چمچ، خوردنی تیل 1 پاؤ، بیف کے پسندے 1/2 کلو، دہی 1/2 پاؤ، لونگ 6 عدد، الائچی 6 عدد، زعفران ایسینس چند قطرے، پیاز 1 عدد، لہسن اور ادرک کا پیسٹ 2 چائے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، گھی 1/2 کپ، چاول 1/2 کلو۔
سب سے پہلے کاٹیج پنیر کو کیوبز کی شکل میں کاٹ لیں، اب ایک پیالے میں میدہ پانی میں گھول کر اُسے بِیٹر سے اچھی طرح مکس کریں، اس کے بعد تیل گرم کریں اور کیوبز کو میدے میں ڈِپ کر کے ڈِیپ فرائی کر لیں۔
لائٹ براؤن ہونے پر اُنہیں کڑاہی سے نکال کر الگ رکھ دیں، بیف کے پارچوں کو بھی کیوبز کی شکل میں کاٹ لیں اور ایک دیگچی میں نمک اور پانی کے ساتھ اُبال لیں، جب پارچے گَل جائیں اور پانی خُشک ہو جائے تو چولھے سے اُتار لیں۔
اب ایک دیگچی میں چاول اُبالیں اور ایک کنی رہ جانے پر اُتار لیں، گوشت کے پارچوں میں دہی، پنیر، لونگ، الائچی، زعفران ایسینس، پیاز، لہسن، ادرک اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔
اس کے بعد ایک دوسری دیگچی میں چاول اور تیار کردہ مسالے کی تہیں باری باری لگائیں، آخر میں 1/2 کپ گھی گرم کر کے بگھار لگا دیں، کچھ دیر دَم پر رکھ کر خُوب صُورت سی ڈش میں نکال کر سرو کریں۔