مظفر گڑھ میں لیڈی سب انسپکٹر کے مبینہ اغواء، تشدد اور مبینہ زیادتی کے کیس میں نئی سی سی ٹی وی فوٹیج نے معاملے کو نیا رخ دے دیا۔
واقعے کے روز کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں تھانہ سٹی کے باہر کھڑی ملزم کی کار میں ایک خاتون اہلکار کو بیٹھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مظفر گڑھ کے تھانہ سٹی کی 4 ستمبر کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے معاملے کو نیا رخ دے دیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں 4 ستمبر کو ملزم کی مبینہ کار اور ملزم کو کار میں بیٹھا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ تھانہ سٹی سے ایک خاتون پولیس اہلکار نکل کر اپنی مرضی سے ملزم کی کار میں بیٹھ رہی ہے۔
پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کار میں بیٹھنے والی اہلکار مقدمے کی مدعی لیڈی سب انسپکٹر ہی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی تاریخ اور وقت بھی بتائے گئے ہیں جو واقعے کے حوالے سے میچ کرتے ہیں۔
کار میں بیٹھنے والی خاتون کے عبایا اور اسکارف کا رنگ بھی وہی ہے جو لیڈی سب انسپکٹر کی میڈیکل رپورٹ میں درج ہے۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج نے معاملے کی صداقت کے حوالے سے شکوک و شبہات کو بڑھا دیا ہے، اب لیڈی سب انسپکٹر کے ملزم کاشف کے ساتھ تعلق کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، کیونکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اغواء کے حوالے سے کوئی شواہد نہیں نظر آ رہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نئے حقائق سامنے آنے کے بعد اب کیس کی ایک نئے پہلو سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔