• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے والد بیٹی کی کنزرویٹر شپ سے دستبردار ہوگئے

امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے والد جیمز اسپیئرز نے مبینہ طور پر بیٹی کی کمپنی کے کنزرویٹر کے عہدے سے دستبردار ہونے کے لیے باقاعدہ عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔

بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق عدالتی دستاویز ات میں کہا گیا ہے کہ جیسا کہ مسٹر اسپیئرز نے بار بار کہا ہے کہ وہ صرف وہی چاہتے ہیں جو ان کی بیٹی کے لیے بہتر ہو۔

دستاویز ات میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اگر برٹنی اسپیئرز کنزرویٹر شپ ختم کرنا چاہتی ہیں اور یقین رکھتی ہیں کہ وہ اپنی زندگی خود سنبھال سکتی ہیں، تو مسٹر اسپیئرز کا خیال ہے کہ انہیں یہ موقع ملنا چاہیے۔‘

جیمز اسپیئرز کی جانب سے دستاویزات میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اگر جج برینڈا پینی جو اس کیس کی نگرانی کررہی ہیں، اس اقدام کی منظوری دیتی ہیں تو وہ اپنی بیٹی برٹنی اسپیئرز کی زندگی اور ان کے پیسے کو مزید کنٹرول نہیں کریں گے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے والد جیمی اسپیئرز نے پاپ اسٹار کی کمپنی کے کنزرویٹر کے عہدے سے سبکدوش ہونےکا فیصلہ کر لیا تھا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برٹنی اسپیئرز کے والد جیمی اسپیئرز کی جانب سے جاری کی گئی قانونی دستاویزات میں کہا گیاتھا کہ ’مسٹر اسپیئرز صحیح وقت آنے پر مستعفی ہونے کو تیار ہیں لیکن معاملات کو منظم طریقے سے کرنے کی ضرورت ہے جس میں عدالت میں زیر التوا معاملات کا حل بھی شامل ہے۔‘

دستاویزات میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس نتیجے تک پہنچنے کے لیے عدالت کو چاہیے کہ وہ تمام دلچسپی رکھنے والے فریقین کو ملنے کے لیے آمادہ کرے اور ان زیرِ التوا معاملات کو محترمہ اسپیئرز کے بہترین مفادات میں حل کرے۔‘

تازہ ترین