لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ کی معروف یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر نے پاکستانی ماہر تعلیم چوہدری فیصل مشتاق کو ان کی پرجوش اور نمایاں شراکت کے تحت تعلیم اور سیکھنے کی ترقی اور پاکستان میں ہزاروں طلباء کو معیاری تعلیم کے ساتھ بااختیار بنانے کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا ہے۔ چوہدری فیصل مشتاق ڈاکٹریٹ آف ایجوکیشن کی ڈگری حاصل کرنے کے لئے اسلام آباد سے ہوائی سفر کے ذریعے آئے تھے، یونیورسٹی کی جانب سے یہ ڈگری صرف تعلیمی ترقی، سماجی تبدیلی اور تعلیمی شعبے میں ترقی کے لئے غیر معمولی شراکت کے اعتراف میں دیتی ہے۔ ڈگری دینے کی تقریب ہرٹ فورڈ شائر کے سینٹ البانس کے تاریخی سینٹ آلبنز کیتھیڈرل میں منعقد ہوئی۔تقریب میں لگ بھگ 500 کے طلباء اور ان کے خاندانوں نے شرکت کی اور گریجویشن کی ڈگریاں حاصل کیں۔ یہ تقریباً دو سال کے لاک ڈاؤن کے بعد یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر کا پہلا عوامی اجتماع تھا۔ یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر کے بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فیصل مشتاق کو ایک اعزازی ڈاکٹر آف ایجوکیشن کی ڈگری دینے کا فیصلہ پاکستان میں تعلیم اور سیکھنے، تعلیم اور معاشرے کی ترقی میں ان کی پرجوش اور بے مثال شراکت کے اعتراف میں کیا گیا۔ تقریب تقسیم ایوارڈز کی صدارت یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر کے وائس چانسلر پروفیسر کوئنٹن میک کیلر، سی ای بی نے کی۔ ایوارڈ یافتہ کے کارناموں پر ایک حوالہ پڑھا گیا اور بعد میں وائس چانسلر نے انہیں ڈاکٹر چوہدری فیصل مشتاق قرار دیا اور ڈاکٹر آف ایجوکیشن ایوارڈ اور سکرول سے نوازا۔ اپنی قبولیت کی تقریر میں ڈاکٹر فیصل مشتاق نے اپنی کامیابی پاکستان کے لئے وقف کی اور سامعین کو بتایا کہ انہوں نے کئی سال پہلے لندن شہر میں ایک ترقی پذیر کیریئر چھوڑا تاکہ وہ پاکستان میں ماہر تعلیم بن سکیں اور وہ بہت خوش ہوئے کہ ان کے جذبے کے باعث ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ برطانیہ کی سب سے معروف یونیورسٹیوں میں سے ایک کی طرف سے ان کی خدمات کو تسلیم کیا گیا۔ ڈاکٹر فیصل مشتاق نے حاضرین کو بتایا کہ وہ شکر گزار ہیں کہ انہیں جدید طریقوں اور آگے کی سوچ کے ذریعے تعلیمی شعبے میں تبدیلی اور اثرات پیدا کرنے پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی گئی۔ ایونٹ کے بعد جیو اور جنگ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق نے کہا کہ یہ پہچان میرے ملک پاکستان کے لئے وقف ہے، میرے لئے تعلیم اور سیکھنا سفر ہے، منزل نہیں ہے، عالمی تائید میرے عہد کو مزید تقویت بخشتی ہے کہ میں ایک جامع حصہ ڈالوں اور گھر میں تعلیم کی فراہمی اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف ایس ڈی جیز 2030کے اہداف کے مطابق ہو اور مجھے ایک علمی معاشرے کے لئے اپنے عزم کو تقویت دینے کا موقع ملے۔ یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر کے وائس چانسلر پروفیسر کوئنٹن میک کیلر، سی بی ای نے چوہدری فیصل مشتاق، جو روٹس ملینیم اور ٹی ایم یو سی ایجوکیشن گروپ پاکستان کے بانی اور سی ای او ہیں، کو ایک ایوارڈ یافتہ ماہر تعلیم اور ٹریل بلاجنگ ماہر تعلیم قرار دیا، جنہوں نے تعلیمی نظام کے لے غیر معمولی کام کیا۔ پروفیسر کوئنٹن میک کیلر نے جیو اور جنگ کو بتایا کہ فیصل مشتاق ایک غیر معمولی آدمی ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں سکول اور کالج قائم کئے ہیں۔ انہوں نے اب یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر کے ساتھ ایک بہت مضبوط رشتہ استوار کیا ہے تاکہ طلباء کو ڈگری کی سطح تک سکھایا جا سکے۔’’ہم نے فیصل کے ساتھ شاندار تعلقات استوار کئے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ اس کے مستقبل کے لئے بڑے منصوبے ہیں‘‘۔ وہ بہت باشعور ہیں کہ تعلیم ہر قسم کی کامیابی کی بنیاد ہے اور وہ پاکستان میں اس کو قائم کرنے کے لئےمستحکم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ ڈگریاں صرف ان لوگوں کو دیتے ہیں جن کی قومی حیثیت اور ہرٹفورڈ شائر کاؤنٹی سے تعلق ہے۔تعلیم میں مؤثر طریقے سے فیصلہ کی قومی حیثیت یہی ہے کہ وہ ڈاکٹریٹ آف ایجوکیشن کی ڈگری حاصل کر رہا ہے۔ مجھے اسلام آباد جانے کی سعادت حاصل ہوئی کہ میں ان سکولوں اور کالجوں کا دورہ کروں، جو انہوں نے تیار کئے ہیں۔ پاکستانی طلباء شاندار ہیں۔ میں نے ان سے بات کی ہے، وہ ایک بہترین تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اسی وقت اس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ سال 2021 کے لئے دیگر اعزازی ڈاکٹریٹ حاصل کرنے والوں میں معروف فٹ بال پنڈت اور سابق انگلینڈ فٹ بالر الیکس اسکاٹ ایم بی ای شامل تھے۔ موجودہ آرسنل کپتان اور ٹیم جی بی اولمپین کم لٹل اور سابق انگلینڈ فٹ بالر لوتھر بلیسیٹ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔