راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ19 نشستوں کے لیے 12 ستمبر کو جماعتی بنیادوں پر ہونے والےبلدیاتی الیکشن کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئےجن میں سکیورٹی،بیلٹ پیپرز منتقلی،عملے کی تربیت اور تعیناتی کا عمل شامل ہے۔انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی۔راولپنڈی اور چکلالہ دونوں کنٹونمنٹ بورڈز کے77 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، جن میں رینجرز کی 3 کمپنیاں بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے 10 وارڈز کے لیے79 ہزار 536 بیلٹ پیپرز جبکہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے 9 وارڈز کے لیےایک لاکھ 64 ہزار 400بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کر لی گئی اور انہیں سٹرانگ رومز میں منتقل کر دیا گیا ۔سٹرانگ رومز کے باہررینجرز کے جوان بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ نمبر 2 میں خاتون امیدوار کے انتقال کے بعد الیکشن ملتوی کر دیا گیا ۔تحریک انصاف، مسلم لیگ(ن)،پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی،تحریک اللہ اکبر،تحریک لبیک اور مسلم لیگ(ق)کے نامزد امیدواروں کے علاوہ کثیر تعداد میں آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔اصل مقابلہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ن) کے درمیان متوقع ہے۔