گزشتہ دنوں میزبان ندا یاسر کی ’فارمولا وَن کار‘ سے لاعلمی کی 5 سال پرانی ویڈیو انٹرنیٹ پر خوب وائرل ہوئی تھی جس پر اُن کا کافی مذاق بنا تھا، اب ’فارمولا ون کار‘ بنانے والی ٹیم کا ایک اہم ممبر ندا یاسر کے حق میں سامنے آ گیا ہے۔
ایک انسٹا گرام پیج پر کار بنانے والے نوجوانوں کے گروپ کے اہم رکن کی جانب سے ایک ویڈیو بیان شیئر کیا گیا ہے، 4 منٹ 46 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں شارق وقار نامی ٹیم ممبر کی جانب سے واضح الفاظ میں ندا یاسر کو ٹرول کرنے کی مذمت کی گئی ہے۔
شارق وقار کا وائرل کلپ سے متعلق کہنا ہے کہ ’یہ بالکل صحیح بات ہے کہ ندا یاسر کو شو سے پہلے موضوع اور مہمانوں سے متعلق جاننا چاہیے تھا مگر ایک 5 سال پرانے کلپ اور اُن کی لاعلمی پر اُن کی ذات کو تنقید کا نشانہ بنانا درست عمل نہیں ہے۔‘
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہا ہے کہ ’ندا یاسر کی غلطی سے متعلق بھارتی چینلز بھی اب بیچ میں کود پڑے ہیں اور اس کو نہایت منفی انداز میں ٹی وی پر چلا رہے ہیں، اُنہیں یہ پسند نہیں آیا ہے، اُن کی ٹیم ندا یاسر پر بننے والے مذاق کو بالکل بھی سپورٹ نہیں کر رہے بلکہ وہ لوگوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ندا یاسر کی ذات یا خاندان کو تنقید کا نشانہ نہ بنایا جائے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ندا یاسر کی ایک 5 سال پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی جس میں ندا یاسر ’فارمولا وَن ریسنگ کار‘ سے متعلق کچھ نہیں جانتی تھیں اور نہ ہی انہوں نے اپنے شو پر آنے والے مہمانوں اور اُن کے کام سے متعلق ریسرچ کی تھی۔
اس پر ندا یاسر پر انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے کافی تنقید ہوئی تھی اور اُنہیں سوشل میڈیا پر میمز کے ذریعے ٹرول بھی کیا گیا تھا۔
اس پرانے وائرل کلپ کے سبب ندا یاسر ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں بھی شامل رہیں۔
ندا یاسر کی وائرل ویڈیو پر اُن کے شوہر اداکار یاسر نواز سمیت کامیڈین علی گُل پیر نے بھی پیروڈی ویڈیو بنائی تھی۔