• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ اور لورالائی میں کارروائیاں‘5میٹ شاپس سیل

کوئٹہ ، لورالائی (خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں نے ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک فراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے کوئٹہ میں 5 گوشت کی دکانوں کو سیل و جرمانہ جبکہ لورالائی میں 5 ڈیری فارمز سمیت 2 جنرل سٹورز اور ایک نان شاپ پر جرمانے عائد کردئیے۔ کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ میں میٹ شاپس کی چیکنگ کے دوران بی ایف اے حکام نے متعدد بار تنبیہ اور جرمانوں کے باوجود دکانوں کے باہر براہ راست گرمی و گردوغبار میں گوشت لٹکانے و صفائی کی ابتر صورتحال سمیت مختلف وجوہات پر 5 میٹ شاپس کو سیل کرتے ہوئے جرمانے عائد کردئیے ، صفائی کے نامناسب انتظامات و معمولی نقائص پر 8 میٹ شاپس کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے۔ لورالائی میں بی ایف اے کی زونل ٹیم نے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے ملاوٹی دودھ کی فروخت پر 5 ڈیری فارمز ، زائد المیعاد خوردنی اشیاء و ممنوعہ گٹکاپان پراگ برآمد ہونے پر 2 جنرل سٹورز جبکہ پرانا و باسی آٹا استعمال کرنے اور صفائی نہ ہونے پر نان شاپ کو جرمانہ کیا ، علاوہ ازیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی زونل ٹیم نے لورالائی کے سلاٹر ہاؤسز کا بھی معائنہ کیا جہاں ٹیم نے صفائی کی صورتحال سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا ۔بی ایف اے حکام نے سلاٹر ہاؤسز کی انتظامیہ کو ضروری اصلاحات ، جانوروں کے داخلے و ذبح کرنے کیلئے مناسب ٹائم ٹیبل ، نکاسی آب کے انتظامات میں بہتری اور ویٹرنری افسر کی موجودگی میں سلاٹرنگ یقینی بنانے سے متعلق مختلف تجاویز دیں۔
تازہ ترین