نیویارک (جنگ نیوز )ایران نےاقوام متحدہ کے عالمی جوہری ادارےکو جوہری تنصیبات کا جائزہ لینے کی اجازت دیدی،اس کے علاوہ آئی اے ای اے کے انسپکٹرز جوہری تنصیبات میں کیمروں اور میموری کارڈ بھی تبدیل کریں گے۔تفصیلات کے مطابق ویانا کی بین الاقوامی تنظیموں میں تعینات ایران کے مستقل مندوب نے تہران میں آئی اے ای اے کے سربراہ اور ایرانی جوہری ادارے کے سربراہ کے درمیان ملاقات کے بعد کہا ہے کہ دونوں فریقین نے تعاون اور باہمی اعتماد بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔رپورٹ کے مطابق "کاظم غریب آبادی" جنہوں نے "رافائل گروسی" کے دورہ ایران کے موقع پر، تہران کا دورہ کیا ہے نے اتوار کے روز ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ دونوں فریقین نے تعاون اور باہمی اعتماد بڑھانے کے تسلسل کی اہمیت کے ساتھ ساتھ تعمیری اور خصوصی طور پر تکنیکی ماحول میں مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے موجودہ باہمی تعاون کے فریم ورک میں متعلقہ سطح پر باہمی ملاقاتیں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔کاظم غریب آبادی نے کہا کہ آئی اے ای اے کے سربراہ مستقل قریب میں پھر سے ایران کا دورہ کریں گے جس کا مقصد ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے، باہمی دلچسپی کے موجودہ امور پر تبادلہ خیال اور ایران کی حکومت کیساتھ اعلی سطحی مشاورت کرنے کا ہے۔ایرانی مندوب کےمطابق عالمی جوہری ادارے کے انسپکٹرز کو اجازت ہے کہ وہ مخصوص مانیٹرنگ آلات کی تکنیکی خدمات انجام دیں اور ان کے میموری کارڈ کو تبدیل کریں جو ایران میں مشترکہ مہر کے تحت رکھے جائیں گے، یہ کیسے اور کب کرنا ہے اس پر دونوں فریقوں نے اتفاق کیا۔