• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں صحت کی بہتری کیلئے تعاون کرینگے: ڈاکٹر فیصل سلطان

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے پاکستان تعاون کرے گا۔

ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں ترجیحات کا تعین افغان حکام کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم افغان حکام سے صحت کے شعبے میں ترجیحات واضح کرنے کی درخواست کریں گے۔

وفاقی حکام کے مطابق پاکستان کورونا وائرس کی روک تھام اور ویکسینیشن سے متعلق افغانستان کی مدد کر سکتا ہے، پاکستان عورتوں اور بچوں کی صحت سے متعلق بھی افغانستان کی مدد کر سکتا ہے۔

اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے افغانستان میں صحت کی سہولتوں کی بہتری کے لیے پاکستانی اداروں سے رابطہ کیا گیا ہے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے افغان طبی عملے کی تربیت کرے گی۔

وفاقی ہیلتھ سروسز اکیڈمی بھی افغانستان میں صحت کی سہولتیں بہتر بنانے کے لیے کام کرے گی۔

وفاقی حکام نے مزید بتایا کہ اس وقت افغانستان سے روزانہ سینکڑوں مریض علاج کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔

پاکستانی حکام کے مطابق افغانستان میں کورونا وائرس کی ویکسینیشن کی صورتِ حال انتہائی خراب ہے۔

قومی خبریں سے مزید