• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ و دیگر کھیل صحت اور کمیونٹیز سے ہم آہنگی کیلئے ضروری ہیں، مقررین

ناٹنگھم (نمائندہ جنگ) کھلی فضا میں کرکٹ سمیت دیگر کھیل جہاں ذہنی و جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں، وہاں دیگر کمیونٹیز کے ساتھ ہم آہنگی میں بھی مدد ملتی ہے۔ کورونا لاک ڈائون کے خاتمے کے بعد اب زندگی آہستہ آہستہ معمول پر آرہی ہے، ہمیں مل کر تمام کمیونٹیز کو کورونا لاک ڈائون کے دوران ہونے والی ذہنی اذیت سے نکالنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے زیراہتمام لیسٹر اور ناٹنگھم کے درمیان دوستانہ چیرٹی کرکٹ میچ کی افتتاحی و اختتامی تقریب کے دوران مہمان خصوصی ڈاکٹر مشرف، عامر برنی، شاہد لطیف، قاضی نوید، فیصل راجہ و دیگر نے کیا۔ عامر برنی نے کہا کہ اس تقریب کے ذریعے نوجوانوں میں ذہنی و جسمانی صحت کی بہتر نشوونما کے لیے آگہی مہم بیدار کرنی ہے۔ ہماری کمیونٹی کے افراد زیادہ تر چکنائی والی خوراک استعمال کرتے ہیں اور ورزش نہ ہونے کے سبب دل کا عارضہ میں مبتلا ہوجاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ورزش انتہائی ناگزیر ہے۔اس موقع پر شاہد لطیف کا کہنا تھا کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کراچی سے کشمیر تک اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے،برطانیہ میں مقیم ماہرین سمیت کمیونٹی کی مدد سے تقریباً108ملین کا بجٹ آپریشنز پر خرچ ہوچکا ہے،انڈس سے تین لاکھ سے زائد مریض ہر ماہ مستفید ہوتے ہیں، اب تک دس ہزار سے زائد بچوں کا بلڈ کینسر اور خون کی دیگر بیماریوں کا علاج ہوچکا ہے۔ تقریباً تین لاکھ سے زیادہ ایسے مریض ہیں جنہیں زندگی رواں رکھنے کے لیے خون کی ضرورت تھی انہیں خون لگایا گیا۔ قاضی نوید کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے زیراہتمام تقریباً52اضلاع میں پرائمری ہیلتھ کیئر کی خدمات پیش کی جارہی ہیں۔ پاکستان و کشمیری کمیونٹی عطیات دینے میں ہمیشہ سرفہرست ہوتی ہے۔ ڈاکٹر مشرف کا کہنا تھا ایک طویل مدت بعد کھلی فضا تلے کرکٹ کا مقابلہ دیکھنے کو ملا، کھیل کود ہمارے پیارے نبیﷺ کی سنت ہے۔ اس سے نہ صرف ذہنی و جسمانی نشوونما ہوتی ہے بلکہ دیگر کمیونٹی کے ساتھ مقابلے کی فضا پیدا ہوتی ہے اور صحت مند سرگرمیاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیل میں ہار جیت لگی رہتی ہے لیکن جس طرح ناٹنگھم اور لیسٹر سٹی کے درمیان دوستانہ چیرٹی کرکٹ میچ دیکھنے کو ملا انتہائی دلچسپ تھا۔دوستانہ کرکٹ میچ لیسٹر کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد جیت لیا اور انہیں پہلا انعام جب کہ دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو دوسرا انعام دیا گیا۔ انفرادی کارکردگی کے حامل افراد کو بھی انعامات سے دیئے گئے۔ شرکا کا کہنا تھا مسقبل میں اس طرح کے دوستانہ کرکٹ میچز جاری رہنے چاہئیں۔ 

تازہ ترین