وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین پیٹرول کے استعمال پر پابندی لگا دی۔
ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس پابندی کا اطلاق فی الفور ہو گا، سرکاری گاڑی میں ہائی اوکٹین ڈلوانا ناگزیر ہے تو استعمال کرنے والا اپنی جیب سے ڈلوا سکتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سرکاری خرچ پر ہائی اوکٹین کے استعمال پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس فیصلے کا مقصد قومی وسائل کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تمام وفاقی محکمے، اتھارٹیز اور ذیلی ادارے اس فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ کفایت شعاری پالیسی سے غیرضروری اخراجات میں کمی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس اقدام سے حکومتی اخراجات میں کمی آئے گی، عوامی وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے، فیصلے کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے۔