مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی مالیاتی منڈیوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے جس کے نتیجے میں جنوبی کوریائی کرنسی ’وون‘ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 17 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وون کی قدر گر کر فی ڈالر 1510.3 وون تک آ گئی ہے جو گزشتہ جمعہ کے مقابلے میں 9.7 وون کم ہے۔
آج صبح کاروبار کے آغاز پر کرنسی 1504.9 پر تھی جبکہ ابتدائی لین دین میں یہ مزید کم ہو کر 1511.8 تک جا پہنچی جو مارچ 2009ء کے بعد کم ترین سطح ہے۔
دوسری جانب ڈالر انڈیکس بھی بڑھ کر 99.695 پر پہنچ گیا ہے۔
ادھر جنوبی کوریا کی اسٹاک مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار رہی، مرکزی انڈیکس کوسپی کاروبار کے آغاز پر 3.48 فیصد گر گیا اور ابتدائی اوقات میں خسارہ 6 فیصد سے تجاوز کر گیا جس کے بعد فیوچر مارکیٹ میں تیز گراوٹ کے باعث عارضی طور پر پروگرام ٹریڈنگ روک دی گئی۔
ثانوی مارکیٹ کوسڈیک بھی متاثر ہوئی اور تقریباً 4 فیصد کمی کے ساتھ نیچے آ چکی ہے۔