• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوراک کی قلت کا مسئلہ مشکلات پیدا کر سکتا ہے ،زاہد اقبال

راچڈیل(نمائندہ جنگ)برطانیہ کی معروف کاروباری شخصیت اور فوڈ سپلائرزاہد اقبال نے کورونا بحران اور بریگزٹ کے بعد افرادی قوت میں کمی اورلاری ڈرائیورز کی قلت کے باعث خوراک کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں فوری موثر اقدامات نہ ہونے کی صورت میں خوراک کی مستقل قلت کا مسئلہ عوامی مشکلات میں اضافہ کر سکتا ہے ،مستقبل میں حالات مزید خراب ہوتے نظر آ رہے ہیں، فوڈ سپلائی کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے سپر مارکیٹس میں خریداروں کیلئے مسائل میں بتدریج اضافہ ہوگا اورسپر اسٹورز کی شیلفیں خالی رہیں گی ،کورونا بحران کے باعث نانڈو اور میک ڈونلڈز جیسے فوڈ سپلائر بھی لیبر مارکیٹ بحران کی وجہ سے سخت پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے مشرقی انگلینڈ میں بوتل اور پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ،برطانیہ ممکنہ طور پر یکم اکتوبر اور یکم جنوری سے دو مراحل میں یورپی یونین سے درآمدات کی چیکنگ کا نظام شروع کر رہا ہے، بریگزٹ کے بعد بڑے پیمانے پر لاری ڈرائیورز کی قلت کے باعث فوڈ سپلائی سخت متاثر ہوئی ہے ،زاہد اقبال نے کہا کہ برطانیہ کو کرسمس سے قبل خوراک کی قلت کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرنا ہوں گے ورنہ کرسمس پر خوراک کا بحران سنگین شکل اختیار کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد وسیع پیمانے پر یورپی یونین کے شہروں کی بڑی تعداد گھروں کو لوٹ چکی ہے جس کے باعث افرادی قوت میں کمی سنگین مسئلہ ہے، رہی سہی کسر کورونا بحران نے پوری کر دی ہے ،افرادی قوت پوری کیے بغیر فوڈ سپلائی کے نظام میں بہتری لانے کی کوششیں بے سود ثابت ہوں گی ۔
تازہ ترین