شاہ رخ خان نے سلمان خان سے سوشل میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی فلم کرن ارجن کی یاد تازہ کردی۔
واضح رہے سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم سے متعلق اشتہار کے چرچے ہیں، جبکہ اسی اشتہار کو لے کر یہ چہ مگوئیاں بھی شروع ہوگئی ہیں کہ شاہ رخ خان اب او ٹی ٹی کی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں۔
شاہ رخ خان کو لےکر او ٹی ٹی پلیٹ فارم کی جانب سے دوسرا اشتہار بھی جاری کردیا گیا، ایسے میں شاہ رخ خان کے دوست اور ساتھی اداکار سلمان خان نے بھی ان سے متعلق ایک ٹوئٹ کردیا۔
اپنے ٹوئٹ میں بالی ووڈ کے سلطان نے اپنے دوست کے لیے مداحوں سے کہا کہ کیا آپ شاہ رخ خان کا خیرمقدم نہیں کریں گے؟
اس پر بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے جواب دیا اور اپنی فلم کرن ارجن کے مشہور گیت "یہ بندھن تو پیار کا بندھن ہے" کا حوالہ دیا۔
شاہ رخ خان نے لکھا کہ "شکریہ بھائی جان! یہ بندھن ابھی بھی پیار کا بندھن ہے۔"
خیال رہے کہ 1995 میں ریلیز ہونے والی راکیشن روشن کی سپر ہٹ فلم "کرن ارجن" میں دونوں اسٹارز نے ایک ساتھ کام کیا تھا جسے خوب سراہا گیا تھا۔