• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ : کوروناسے 30اموات، 4 ہزار 917 نئے کیسز رپورٹ

گلاسگو (نمائندہ جنگ) اسکاٹ لینڈ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 30 اموات واقع ہوئی ہیں جو کہ مارچ کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے، اس کے علاوہ کورونا کے 4917 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔ نیشنل ریکارڈ آف اسکاٹ لینڈ کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق نئے ٹیسٹ کردہ 57383 افراد میں مثبت ٹیسٹ کی شرح9.2 فیصد رہی۔اسکاٹ لینڈ میں اب تک 70 فیصد آبادی کو دونوں ویکسین دی جاچکی ہیں جب کہ 25 فیصد ایسے ہیں جن کو ابھی ایک ویکسین بھی نہیں ملی۔ اسکاٹ لینڈ میں اب تک کورونا سے 10688 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کی نیشنل ہیلتھ سروس بھی اس وقت دبائو کا شکار ہے۔ 999 کی ایمرجنسی میں ایمبولنس کیلئے کالز گزشتہ سال گرمیوں کی نسبت ماہانہ 10ہزار زیادہ ہیں۔ اسکاٹش ہیلتھ سیکرٹری حمزہ یوسف نے کہا ہے کہ لوگ ایمرجنسی کو کالز کرنے سے قبل ذرا سوچ لیں کہ یہ کال واقعی ضروری ہے، ایسی صورت میں ایمبولنس ہر ممکن طور پر جلداز جلد ان کے پاس پہنچ جائے گی۔ اسکاٹ لینڈ کی اپوزیشن پارٹیز نے حمزہ یوسف کے اس بیان پر تنقید کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ حمزہ یوسف لوگوں کو یہ تاثر دے رہے ہیں جیسے کہ ایمبولنس کے لئے 999 پر فون کرنا ایک غیر مناسب بات ہے، ان کا مزید کہنا ہے کہ ایمبولنس سروس کے موجودہ بحران کا سامنا کرنے کی وجہ اسکاٹش نیشنل پارٹی کی حکومت کی غلط پالیسیاں فرنٹ لائن ورکرز اور پیرامیڈیکس کو سپورٹ نہ دینا ہے۔
تازہ ترین