• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافتی ادارے ہی بے بنیاد خبروں کے ذمہ دار نہیں، حکومتی غفلت بھی شامل ہے، فیاض چوہان


پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے میڈیا کا نیا قانون لانے اور اس کو پاس کروانے کے حوالے سے بنیادی تقاضوں کو صحیح طریقے سے پورا نہیں کیا گیا۔ 

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ حکومت ظلم اور جبر کو قانونی جواز دینے کے لئے پی ڈی ایم اے بل لارہی ہے۔

پی ایف یو جے نے مجوزہ قانون کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان بھی کردیا۔ 

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے لاہور پریس کلب میں ہونے والےاختتامی اجلاس سے خطاب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکومت نے کسی میڈیا ہاؤس کا بزنس کم نہیں کیا۔ صرف صحافتی ادارے ہی بے بنیاد خبروں کے ذمہ دار نہیں اس میں حکومتی اداروں کی غفلت بھی شامل ہے۔ 

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ آزاد پریس کے بغیر جمہوریت کا تصور نہیں اور جمہوریت کے بغیر معاشرہ چل نہیں سکتا۔ کسی حکومت نے آزادی صحافت پلیٹ میں رکھ کر نہیں دی۔ 

پی ایف یو جے کے رہنماؤں کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ آزادی صحافت کو محدود کردیا گیا ہے۔ حکومتی پالیسیوں کے باعث اخبارات دباؤ کا شکار ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی غلط ہے۔ پرانے قوانین میں بہتری کی گنجائش ہے تو بیٹھ کر بات کی جاسکتی ہے۔

پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے ملک بھر کی صحافتی اور وکلا تنطیموں، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور دیگر مکتبہ فکر کے افراد سے اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں انکا بھرپور ساتھ دیں۔

تازہ ترین