• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ لندن کے ایک ہسپتال میں داخل

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے ایجویئر، برطانیہ میں ہونے والے بہیمانہ قتل کے ٹھیک 11 سال بعد ان کی بیوہ شمائلہ عمران فاروق کو لندن کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہ بولنے سے قاصر ہیں، بائیں کان کی قوت سماعت ختم ہو گئی اور نظام ہضم شدید طور پر متاثر ہے۔ شمائلہ اور ان کے دو بیٹوں عالی شان فاروق اور وجدان فاروق کو ایم کیو ایم لندن ونگ، اس کے پاکستان کے دھڑوں، لندن یا پاکستان کے کسی بھی رہنما بشمول وہ لوگ جو پاکستان میں وفاقی حکومت کا حصہ ہیں، کسی نے بھی مدد فراہم نہیں کی۔ گزشتہ سال جون میں پاکستان کی ایک عدالت نے ایم کیو ایم کے تین افراد خالد شمیم​​، محسن علی اور معظم علی کو 2010 میں ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی تھی اور سکاٹ لینڈ یارڈ نے فائل بند کر دی تھی لیکن شمائلہ اور اس کے دو بیٹوں کے لئے زندگی پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہو گئی ہے۔ شمائلہ کو درپیش بیماریوں میں چوتھے مرحلہ کا کینسر شامل ہے جبکہ انہیں16ستمبر2010کی شام لندن میں اپنے شوہر کو دو قاتلوں کے ہاتھوں قتل کے صدمے کا بھی سامنا ہے، جس کے بعد ان کی حالت خراب ہوگئی۔ جیو ڈاٹ ٹی وی کی جانب سے ہسپتال سے حاصل ریکارڈ کے مطابق شمائلہ کی تشخیص ’’ ٹی 4 این 1ایم او اسکواومس سیل کارسنوما، لیفٹ مینڈیبل، ریسیکشن اور ڈی سی آئی اےفری فلیپ ‘‘ کے طور پر کی گئی ہے، جس کے بعد ریڈیو تھراپی جاری ہے۔ لندن برج کے قریب گائے ہسپتال میں، جہاں شمائلہ کا علاج کیا گیا تھا، ہسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ انہیں 4 مرحلہ کا کینسر ہے، ان کا 12 گھنٹے کا آپریشن ہوا اور وہ ریڈیو تھراپی کروا رہی ہیں۔

تازہ ترین