• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ کرکٹ کے فیصلے پر شوبز شخصیات بھی برہم

نیوزی لینڈ کے پاکستان میں سیکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر سیریز منسوخ کرنے کے اعلان پر شوبز شخصیات بھی برہم ہیں۔

گلوکار و اداکار فرحان سعید، اداکار فیصل قریشی نے بھی سوشل میڈیا پر نیوزی لینڈ بورڈ کے اس فیصلے پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

فرحان سعید نے لکھا کہ ’ پاکستان کرکٹ کیلئے ایک محفوظ جگہ ہے، پاک نیوزی لینڈ سیریز کی یکطرفہ منسوخی دیکھنا بدقسمتی ہے۔‘

گلوکار نے لکھا کہ یہ بین الاقوامی کرکٹ کے لیے افسوسناک دن ہے۔‘

دوسری جانب اداکار فیصل قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’آخری لمحات میں نیوزی لینڈ کی جانب سے کھیل کی منسوخی کے بارے میں سن کر بہت مایوسی ہوئی۔ ‘

اداکار نے لکھا کہ منتظمین اور کھلاڑیوں کی تمام تر تیاریوں کے بعد یہ فیصلہ افسوسناک اور چونکا دینے والا ہے۔

فیصل قریشی نے کہا کہ نیوزی لینڈ بورڈ کا یہ فیصلہ لاکھوں کرکٹ شائقین کے دلوں کو توڑنے کے مترادف ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں پہلا ایک روزہ میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کیا۔

تازہ ترین