کراچی( نصر اقبال، اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے کوئٹہ میں کھیلی گئی قومی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے دوران ابتدائی میچوں میں دانستہ واک اوور دینے پر سابق قومی چیمپئن شبنم بلال، راحیلہ اور غزالہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ایونٹ کے دوران پاکستان واپڈا اور آرمی کے کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی ہاتھا پائی پر ان کے خلاف بھی ایکشن لیتے ہوئے کیس انضباطی کمیٹی کے حوالے کردیا ہے، خواتین کھلاڑیوں نے اپنے ابتدائی مقابلوں میں واک اوور دئیے اور بعد میں خواتین ڈبلز مقابلوں میں حصہ لیا تھا،فیڈریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو نوٹس جاری کر کے ان سے وضاحت مانگی جائے گی جس کے بعد مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بھی قومی ٹیبل ٹینس ایونٹ کے دوران سامنے آنے والی بد نظمی کا نوٹس لیتے ہوئے فیڈریشن سے رپورٹ مانگی ہے۔