تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہےکہ ان کا ملک افغانستان کے ساتھ سرحد پر داعش کی موجودگی کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی سرحد کے دوسری جانب کسی دہشتگرد گروپ، داعش کی موجودگی اور دوسرے ممالک پر حملوں کی اجازت نہیں دیں گے، افغانستان میں داعش کی موجودگی نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کے لیے خطرناک ہے۔ایران کے سرکاری ٹی وی سے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ایسےموقع پر کیا ہے کہ جب وہ تاجکستان کے دورے پر روانہ ہورہے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں کسی ایک نسلی یا سیاسی گروپ سے تعلق رکھنے والی حکومت کابل کے مسائل حل نہیں کرسکتی۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ تمام شراکت داروں پر مشتمل حکومت تشکیل دی جائے۔ ایران نے زور دیا کہ طالبان افغانستان میں مستقبل کے حل کا حصہ ضرور بنیں۔