• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، مزید 63 اموات، مثبت کیسز کم ہونے لگے

کراچی(اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) کوروناسے مزید 63اموات، مثبت کیسز کم ہونے لگے، شہزاد اکبر بھی متاثر، 2512نئے مریض، سندھ میں557کی حالت تشویشناک ہیں۔کورونا اعداد و شمار بتانے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 57,077ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2512 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 63افراد انتقال کر گئے، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.08سے کم ہوکر 4.4رہی،اس کے علاوہ وباء سے متاثرہ تشویش ناک کیسز کی تعداد 5117ہے۔ادھر وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے،شہزاد اکبر نے خود کے کورونا میں مبتلاہونے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایاکہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیاہے اور میں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے،یہاں سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 15مریض انتقال کر گئے اور 759نئے کیسز رپورٹ ہوئے، 24گھنٹوں میں مزید 915مریض صحتیاب ہوئے، صوبے میں اسوقت 28737 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے557کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 44مریضوں کو انتہائی نگہداشت میں وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے،صوبے بھر کے کورونا وائرس کے 759نئے کیسز میں شہر کراچی سے 339سامنے آئے ہیں ۔

تازہ ترین