وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 21 ستمبر کو طلب کر لیا، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتِ حال، نیوزی لینڈ کے پاکستان کے دورے کی منسوخی اور ای وی ایم مشین سمیت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر بریفنگ دی جائے گی۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، وزارتِ مواصلات کے رولز آف بزنس 1973ء میں ترمیم بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
کابینہ اجلاس میں ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان کے چیئرمین کی تقرری، نادرا کے فنانشل سال 2021ء کے آڈٹ، ازبکستان کو بزنس ویزا لسٹ میں شامل کرنے، خطے کے ممالک سے فلمیں درآمد کرنے کا معاملہ اور جموں کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی بجٹ کی منظوری شامل ہے۔
کابینہ کے اجلاس میں متبادل تنازعاتی قرار داد کا سینٹر اسلام آباد میں کھولنے کا معاملہ بھی زیرِ غور آئے گا۔
اس کے علاوہ کابینہ ڈریپ کے سی ای او کی تعیناتی اور مردم شماری کے لیے تجاویز کی منظوری بھی دے گی۔
ریلوے بورڈ کے ممبران کی تعیناتی کا معاملہ اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق بھی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔