• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ کی دلدادہ پاکستانی قوم کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کے آغاز سے چند لمحات قبل دہشت گردی کے موہوم خطرے کی بنیاد پر سیریز منسوخ کرنے کا اعلان کر کے وطن واپس لوٹ جانا بلا شبہ نہایت مایوس کن تھا۔تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین رمیز راجا نے اس صورتحال پر نہایت حوصلہ افزا موقف اختیار کرکے اہل وطن کے لیے تسلی کا سامان کیا ہے۔ شائقین کرکٹ سے ان کا کہنا ہے کہ آپ کا اور میرا دردمشترک ہے، جو کچھ ہوا وہ پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں لیکن ہم پہلے بھی ایسے حالات کا سامنا کر چکے اور ان کے باوجود آگے بڑھے ہیں، ہم اپنی بقا کے لیے لڑنے کے جذبے کے تحت دنیا کو چیلنج کرتے ہیں، ہم دوبارہ چیلنج کریں گے۔پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا کہ انہیں سیکورٹی کے حوالے سے الرٹ موصول ہوا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد یہ سوال پیدا ہوا ہے کہ نیوزی لینڈ کو یہ الرٹ کہاں سے کس طرح موصول ہوا؟ انگلینڈ کے پاکستان میں تعینات سفیر واضح الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ ان کا اس ساری صورتِ حال میں کوئی کردار نہیں کہ انگلینڈ کے کہنے پر نیوزی لینڈ نے دورہ منسوخ کیا جبکہ ایک موقر اُردو معاصر نے اس کی ذمہ داری سیکورٹی اداروں کی جانب سے ہر ماہ جاری کیے جانے والے تھریٹ الرٹ پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سفارتی خانے نے یہ الرٹ کیوی سفارت خانے کو ارسال کیا۔ جہاں تک کرکٹ کی بات ہے پی ایس ایل گواہ ہے کہ پاکستان میں اتنا ٹیلنٹ ہے کہ ڈومیسٹک سطح پر ورلڈ کلاس ٹیم تیار ہو سکتی ہے۔ رہی بات نیوزی لینڈ اور دوسری ٹیموں کے خدشات کی تو یہ اگرچہ کوئی ٹھوس بنیاد نہیں رکھتے پھر بھی پاکستان کو اس ضمن میں موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین