بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے پاکستانی خوبرو و معروف اداکار عمران عباس کے ماضی میں دیے گئے بیان کی تصدیق کر دی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بین الاقوامی میڈیا آؤٹ لیٹ کو دیے گئے بھارتی ہدایت کار کے انٹرویو کا ایک مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہے جسے عمران عباس نے ری شیئر کرتے ہوئے ہدایت کار کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
مذکورہ وائرل ویڈیو کلپ میں میزبان نے ہدایت کار سے ان کی مشہور سیریز ’ہیرامنڈی‘ کی کاسٹنگ کے حوالے سے سوال کیا۔
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سنجے لیلا بھنسالی نے بتایا کہ اس فلم کا خیال میرے ذہن میں 18 سال سے تھا، پہلے میرے ذہن میں ریکھا، کرینہ، رانی مکھرجی کے نام تھے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید انکشاف کیا کہ پھر وقت بدلا تو پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان، اداکار فواد خان اور عمران عباس کو کاسٹ کرنے کا سوچا لیکن یہ ممکن نہیں ہو سکا، پھر یہ فلم سیریز کی شکل اختیار کر گئی اور اب میں اس کی موجودہ کاسٹ سے مطمئن ہوں۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سنجے لیلا بھنسالی کے انٹرویو کا مختصر کلپ وائرل ہوا تو اس نے عمران عباس کی توجہ بھی حاصل کر لی۔
عمران عباس نے اس کلپ کو ری شیئر کرتے ہوئے ایک جانب بھارتی ہدایت کار کا شکریہ ادا کیا، جن کی وجہ سے عمران عباس کے ماضی میں دیے گئے ایک بیان کی تصدیق ہوئی اور ساتھ ہی خود پر تنقید کرنے والے انٹرنیٹ صارفین اور یوٹیوبرز کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے عمران عباس نے لکھا کہ میں سنجے لیلا بھنسالی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے یہ وضاحت پیش کی، میں اپنے پیارے ’نیٹیزنز‘ اور ’یوٹیوبرز‘ کو بھی مشورہ دوں گا کہ وہ دیگر ہدایت کاروں سے بھی تصدیق کر لیں جن کا میں نے اپنے انٹرویو میں ذکر کیا تھا کہ انہوں نے مجھے کون کون سی فلمیں آفر کی تھیں۔
انہوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے مزید لکھا کہ مجھے اس بات کا دکھ نہیں ہے کہ مجھ پر یقین نہیں کیا گیا یا پھر مجھے چھوٹا سمجھا گیا کیونکہ میں جانتا ہوں کہ کچھ لوگ اپنی چھوٹی سی دنیا میں ہی رہنا پسند کرتے ہیں وہ اس سے باہر کے بارے میں سوچتے بھی نہیں ہیں۔
اداکار نے یہ بھی لکھا ہے کہ مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ ہمارے اپنے ہی اپنے فنکاروں کو نیچا دکھاتے ہیں اور ایسے نام نہاد یوٹیوبرز و بلاگرز کے توہین آمیز تبصروں پر یقین کرتے ہیں جنہیں بالی ووڈ میں غیر مستند اور غیر معتبر سمجھا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل عمران عباس نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بتایا تھا کہ لوگ مجھے اس بات کا احساس دلانے کی کوشش کرتے ہیں کہ میں نے بہت بڑی بڑی بلاک بسٹر فلمیں چھوڑ دیں اور انہیں چھوڑ کر کیسی فلاپ فلمیں کر لیں۔
انہوں نے اپنے انٹرویو میں فلموں اور کرداروں کے نام بھی بتائے تھے۔
اداکار کے مطابق اُنہیں بھارتی فلم عاشقی 2، رام لیلا، فلم ’پی کے‘ میں سرفراز کا کردار، فلم ’گزارش‘ میں آدیتیہ رائے کپور کا کردار اور معروف ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی نیٹ فلکس سیریز ’ہیرا منڈی‘ کی پیشکش ہوئی تھی۔
بعد ازاں بھارتی فلموں پر تبصرہ کرنے والے کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے عمران عباس کے دعوؤں پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔