لاہور(خبر نگار)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا کہ لڑکیوں کو تعلیم سے محروم کرنا بھی تشدد ہے اور ہمیں انفرادی اور اجتماعی کاوشوں کے ذریعے اس تشدد کو روکنے کی ضرورت ہے۔ چیف جسٹس گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے 19ویں کانووکیشن کے اختتامی سیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ چیف جسٹس نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کے ہمراہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو رول آف آنر اور ڈگریاں دیں۔ اس موقع پر جسٹس مسعود عابد نقوی بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ایک مہم شروع کریں اور تمام خاندانوں میں شعور بیدار کریں کہ لڑکیوں کی تعلیم اور عملی زندگی کے ہر شعبے میں کامیاب ہونے کی ضرورت ہے۔