اسلام آباد (نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ میں کیڑے مار ادویات پر اضافی ٹیکسوں کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس نے ذاتی وجوہات کی بناء پر کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے مقدمہ کسی دوسرے بینچ میں مقرر کر نے کرکے چیف جسٹس کو بھجوادیا ہے، قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس محمد علی مظہرپر مشتمل تین رکنی بنچ نے سوموارکوکیس کی سماعت کی تو کیڑے مار ادویات بنانیوالے کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر نے موقف اختیار کیا کہ پورا بندیال گائوں ہماری دوکان سے کھاد اور کیڑے مار ادویات خریدتا ہے،انھوں نے کہا کہ قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال بھی ہم سے فصلوں کیلئے کھاد اور کیڑے مار ادویات لیتے ہیں، جس پر قائم مقام چیف جسٹس نے انہیں مخاطب کرتے ہو ئے کہا کہ اچھا ہوا آپ نے یہ بات بتا دی ہے میں اس تعلق کی وجہ سے آپ کا کیس نہیں سن سکتاہوں ، کوئی دوسرا بینچ اس کیس کی سماعت کریگا۔،بعد ازاں انہوں نے معاملہ انتظامی حکم کیلئے چیف جسٹس کو بھجواتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ دنوں کیلئے ملتوی کردی ۔