• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ ختم ہونے کے بعد بھی پاکستانی حکام نے بہت خیال رکھا: کیوی کپتان


پاکستان کے دورے پر آنے والی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دورے کا اختتام فطری طور پر مایوس کن ہے، یہ پاکستان میں بسنے والوں کے لیے مایوس کن ہے جہاں برسوں میں ہوم میچز کم ملے ہیں، تاہم دورہ ختم ہونے کے بعد بھی پاکستانی حکام نے ہمارا بہت خیال رکھا۔

ایک انٹرویو میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ ایک روز پہلے جب میں بابر اعظم کے ساتھ جا رہا تھا تو وہ کس قدر خوش تھے کہ انٹرنیشنل کرکٹ اور ہم وہاں موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بابر اعظم بہت پرجوش تھے، یہ تاریخی لمحہ تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم 18 برسوں بعد وہاں آئی، میں بھی ٹیم کا حصہ بننے پر خوش تھا لیکن سب کچھ بدل گیا۔

ٹام لیتھم نے کہا کہ فیصلے کے بعد پاکستانی اتھارٹیز ہمارے لئے بہت اچھی تھیں، ہمیں آرام سے رکھا گیا، ہم پاکستانی اتھارٹیز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ میں بھی ٹھیک ہوں اور ٹیم کے سب کھلاڑی بھی ٹھیک ہیں، دورہ ختم کرنے کے اعلان کے بعد 24 گھنٹوں میں ہم پاکستان سے نکلے، ہم سب نے وقت اکٹھے گزارا جو ہمارے لیے اچھا رہا، لیکن 24 گھنٹے تھکا دینے والے تھے، تاہم سب اچھا رہا، اب سب کھلاڑی اچھی اسپرٹ کے ساتھ گھر جانے کے لیے منتظر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میچ والے دن سب حیران تھے کہ کیا ہو رہا ہے اور پھر ہمیں بتایا گیا کہ ہم گھر واپس جا رہے ہیں۔

ٹام لیتم کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ، پلیئرز ایسوسی ایشن اور ہم سب کے لیے کھلاڑیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

تازہ ترین