• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ وزیرِ اعظم سے ملاقات کریگا


پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کے اراکین پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، ملاقات نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان سے پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کے اراکین کی ملاقات کرانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے، ملاقات کے دن اور وقت کا تعین وزیرِ اعظم عمران خان کی مصروفیات کو مدِ نظر رکھا جائے گا۔

اس بات کا قوی امکان ہے کہ یہ ملاقات ہو گی اور اس کا مقصد میگا ایونٹ سے قبل کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانا ہے، 1992ء ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان اپنے تجربات سے آگاہ کریں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کو ٹپس دیں گے۔

اس ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ بھی موجود ہوں گے۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے تمام کھلاڑی اسلام آباد میں موجود ہوں گے، پی سی بی نے تمام کھلاڑیوں کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کھیلنے کا پابند کیا ہوا ہے تاکہ میگا ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کی جا سکے۔

واضح رہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا پہلا مرحلہ 23 ستمبر سے پنڈی اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔

تازہ ترین