اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے ایک دیوانی مقدمے کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے فیصلے کیخلاف دوسری بار نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے کے حوالے سے دائر درخواست خارج کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کردیا ہے کہ عدالت صرف ایک ہی د فعہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرسکتی ہے، ایک ہی مقدمے میں دوسری نظر ثانی نہیں ہوسکتی ،جسٹس منصور علی شاہ دوسری نظر ثانی کی درخواست کاتصوربھارت میں توہے یہاں نہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پلاٹ کے تنازعہ سے متعلق مقدمہ میں دائرکی گئی دوسری نظرثانی کی درخواست کی سماعت کی تو جسٹس منصور علی شاہ نے سوال اٹھایا کہ ایک مقدمہ میں نظر ثانی کی درخواست خارج ہونے کے بعد اس فیصلے پر دوبارہ نظر ثانی کیسے ہوسکتی ہے؟جس پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اگر فیصلے میں سقم موجود ہو تو اصلاح کیلئے عدالت اپنے فیصلے پر دوبارہ نظر ثانی کرسکتی ہے۔