• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چہلم جلوس کی سکیورٹی کا فو ل پروف انتظام کیا جائے‘ ڈپٹی کمشنر

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ضلعی انتظامیہ نے چہلم کو پرامن طور پر گزارنے کے لئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ سکیورٹی کلئیرنس کے لئے تمام محکموں کی لسٹ آئندہ دو دنوں تک ڈی سی آفس بھیجی جائے۔ چہلم روٹ کی مانیٹرنگ کے لئے ٹی ایم اے آفس میں 25ستمبر تک کنٹرول روم قائم و فعال کر دیا جائے گا۔ جہاں ہر محکمہ کے فوکل پرسن آن ڈیوٹی رہیں گے۔ ان تمام اقدامات کے ساتھ علماء کرام و دیگر مکاتب فکر کو اس سلسلے میں خصوصی کردار ادا کر نے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں میں صبر اور برداشت کا مادہ پیدا کر کے ہم آہنگی و اتفاق و اتحاد کی فضا کو پروان چڑھاتے ہوئے لوگوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی نے چہلم انتظامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چہلم جلوس کی سکیورٹی کا فو ل پروف انتظام کیا جائے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ چہلم کی مجالس اور جلوسوں کے روٹس کے لئے سٹریٹ لائٹس فنکشنل ہونی چاہئے اور سی سی ٹی وی کیمرے بروقت لگائے جائیں اور ریسکیو کی جانب سے ایمبولینس و رضاکار جلوس کے ساتھ ساتھ رہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے واسا اور آر ڈبلیو ایم سی کے ارکان کو ہدایت کی کہ جلوس روٹس پر صفائی کے انتظامات اور پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جلوس کی خصوصی سکیورٹی کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین