• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون کی بالادستی کی طرف سفر شروع، میڈیا آزاد، اصل مسئلہ جھوٹی خبریں، عمران خان

اسلام آباد(ایجنسیاں‘جنگ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان پر تنقید کریں تو سچی تنقید کریں جبکہ ہمیں سب سے بڑا مسئلہ جھوٹی خبروں اوراور پراپیگنڈے سے ہے‘ میڈیا کو جتنی آزادی موجودہ حکومت کے دور میں حاصل ہے ماضی میں کسی حکومت نے میڈیا کو اتنی آزادی نہیں دی۔

قانون کی بالادستی کی طرف سفر شروع ہوچکا ہے ‘ہم چوری کرنے والوں کے احتساب کی بات کرتے ہیں اس لئے مخالفین ہمارے خلاف شور مچا رہے ہیں‘ ہمیں آزاد عدلیہ اور میڈیا سے کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ ہماری حکومت نہ قانون توڑتی ہے اور نہ کرپشن کرتی ہے۔ 

ماضی میں کسی حکومت نے میڈیا کو تنقید کی ایسی آزادی نہیں دی‘ پراپیگنڈا کے ذریعے وزیراعظم کی توہین کی گئی اور بہتان لگائے گئے‘ میڈیا میں70فیصدپروگرام اور خبریں ہمارے خلاف ہوتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کونوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل میڈیا انٹرن شپ کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہپاکستان اسلامی فلاحی ریاست بننے کے سفر پر گامزن ہے‘جس معاشرے میں انسانوں کا احساس نہیں ہوتا وہ جانوروں کا معاشرہ ہوتا ہے۔ 

جہاں قانون کی حکمرانی نہ ہو وہ ’’بنانا ریپبلک‘‘ ہوتی ہے، ہماری حکومت میں میرٹ کا نظام ہے اور سرکاری عہدے کسی خاندان کے افراد کیلئے نہیں ہیں ‘ پہلے صرف کمزوروں کو پکڑا جاتا تھا اور طاقتور لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی تھی۔

مخالفین این آر او مانگتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ انہیں نہ پکڑا جائے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سچ پر قائم رہیں اور حقائق بیان کریں کیونکہ جھوٹ بولنے والے کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ صحافت میں کریڈیبلٹی کی بہت اہمیت ہے، فیک نیوز دینے والوں کی عزت نہیں رہتی‘ تنقید ہمیشہ سچ کی بنیاد پر ہونی چاہئے، وزیراعظم نے کہا کہ وہ چیلنج کرتے ہیں کہ میڈیا کو جتنی آزادی موجودہ حکومت کے دور میں حاصل ہے ماضی میں کسی حکومت نے میڈیا کو اتنی آزادی نہیں دی۔ 

جتنے بہتان مجھ پر اور میرے وزراء پر لگائے گئے دنیا میں کسی جمہوری ملک میں ایسا نہیں ہوتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیٹ میڈیا کو ماضی میں پراپیگینڈا کیلئے استعمال کیا جاتا تھا اور حکمران ذرائع ابلاغ کو رشوت کے ذریعے کنٹرول کرتے تھے۔

تازہ ترین