حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) قائد تحریک الطاف حسین کافکر و فلسفہ امن و آشتی پر مبنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ کے رکن رابطہ کمیٹی اقبال مقدم نے ہوم اسٹیڈ ہال حیدرآباد میں منعقدہ ایم کیو ایم کے ذمہ داروں و بلدیاتی نمائندگان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سندھ تنظیمی کمیٹی کے اراکین رشید بھیا، عائشہ آفتاب، رعنا انصار، ایم کیو ایم حیدرآباد کے نگراں زونل انچارج محمد ظفر خان و اراکین زونل کمیٹی، حق پرست ارکان اسمبلی راشد خلجی، انجینئر صابرحسین قائم خانی، زبیر احمد خان سمیت سیکٹر ز و یونٹس، شعبہ جات کے ذمہ داران اور حق پرست بلدیاتی نمائندے چیئرمینز، وائس چیئر مینز،کونسلرز اور خواتین ذمہ داروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فکر و فلسفہ اور نظریے پر ثابت قدمی سے کھڑے رہنے والے لوگ ہر سازش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنا دینگے۔ انہوں نے کہا کہ وفا اور جفا کے مقابلہ میں ہمیشہ فتح وفا کی ہوتی ہے اور ہماری تحریک وفا داروں پر مشتمل ہے، فتح ہماری ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہید وں اور اسیروں کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہیے بلکہ تحریکی پیغام کو تمام مشکلوں مصائب کے باوجود زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہے۔ اجلاس سے رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی لیڈر پیروکار پیدا نہیں کرتا بلکہ وہ لیڈر پیدا کرتا ہے کیونکہ ایک بانی لیڈر ہوتا ہے اور باقی لیڈر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد لیڈر بناتا ہے قائد کو خدا بناتا ہے اس کی پہچان یہ ہوتی ہے کہ لوگوں کی اس کی ضرورت ہوتی ہے نہ کہ اس کولوگوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادیدہ قوتیں اچھی طرح جانتی ہیں کہ وہ قائد تحریک الطاف حسین کو خرید نہیں سکتیں اس لئے وہ اب ہمیں خریدنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔