• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان حکومت پورے افغانستان کی نمائندگی نہیں کر رہی: روسی وزیرِ خارجہ


روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ طالبان کی اعلان کردہ عبوری حکومت پورے افغانستان کی نمائندگی نہیں کر رہی۔

امریکی شہر نیو یارک میں روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی صورتِ حال پر روس، امریکا، چین اور پاکستان رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے کیئے گئے وعدوں کو پورا کرانے کے لیے چاروں ممالک کام کر رہے ہیں، افغانستان میں حقیقی نمائندہ حکومت اور دہشت گردی کی روک تھام یقینی بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔

سرگئی لاروف نے کہا کہ روس، چین اور پاکستان کے نمائندوں نے قطر میں طالبان نمائندوں سے ملاقات کی، کابل میں تینوں ملکوں کے نمائندوں نے حامد کرزئی اور عبداللّٰہ عبداللّٰہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ افغانستان میں نسلی، مذہبی اور سیاسی نمائندہ حکومت بنانے کے لیے رابطے کر رہے ہیں، ہمارے لیے یہ اہم ہے کہ طالبان نے جو وعدے کیئے ہیں وہ پورے کیئے جائیں۔

روسی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ امریکی اور نیٹو افواج کو نتائج کی پرواہ کیئے بغیر جلد بازی میں افغانستان سے نکالا گیا، افغانستان میں غیر ملکی افواج کے رہ جانے والے ہتھیار شر پسند مقاصد کے لیے استعمال ہونے کا خطرہ ہے۔

تازہ ترین